حکومت پنجاب کا سرپلس 40 ارب روپے ہے: وزارت خزانہ

  مالی سال 25۔2024 کیلئے بجٹ میں صوبائی سرپلس کی مد میں 630 ارب  رکھے   گئے ہیں
 اسلام آباد(آئی این پی ) وزارت خزانہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے مالی سال 25۔2024 کی پہلی سہہ ماہی میں 40 ارب روپے صوبائی سرپلس کے حصول کے بیان کی تصدیق کر دی۔ حکومت پنجاب نے مالی سال 25۔2024 کے لیے اپنے بجٹ میں صوبائی سرپلس کی مد میں 630 ارب روپے رکھے ہیں جس پر آئی ایم ایف کا اتفاق ہے۔ وزارت خزانہ نے پہلی سہہ ماہی میں مالیاتی آپریشن کے تازہ ترین اعداد و شمار آئی ایم ایف کے ساتھ 14 نومبر کو شئیر کیے ہیں۔ آئی ایم ایف کی تائید کے بعد وزارت خزانہ نے اپنی ویب سائٹ پر نظر ثانی شدہ اعداد و شمار آویزاں کر دیے ہیں جن کے مطابق پنجاب کا صوبائی سرپلس 40 ارب روپے ہے۔ حکومت پنجاب نے حالیہ سالوں میں صوبائی سرپلس کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔