وزیر اعظم شہبازشریف، وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب حسین نعیمی کی اپیل پر نماز ادا کی گئی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ٓیجنسیاں ) وزیر اعظم شہبازشریف کی اپیل پر ملک بھر میں نماز استسقا ادا کی گئی ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی اپیل پر ملک بھر میں جمعہ کو نماز استسقا ادا کی گئی اور اللہ پاک سے باران رحمت کی دعائیں کی گئیں۔ راولپنڈی و اسلام آباد کے شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جمعہ کے بعد نماز استسقا کے لیے فیصل مسجد کا رخ کیا۔ فیصل مسجد کے اردگرد کی سڑکیں اور پارکنگ گاڑیوں سے بھر گئیں۔فیصل مسجد میں ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین و بچوں نے گڑ گڑا کر اللہ پاک سے بارش کے لیے دعا کی۔اسلام آباد کی مرکزی جامع لال اور مرکزی مسجد عثمان غنی کراچی کمپنی میں نماز جمعہ کے بعد نماز استسقا ادا کی گئی، امام بارگاہ اثنا عشریہ میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی۔ وزارت مذہبی امور میں نماز استسقا ادا کی گئی اس کے علاوہ ملک کے تمام دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی نمازاستسقااداکی گئی اور ملک بھر میں بارشوں کے لیے دعا مانگی گئی۔