کراچی:یومِ تشکر کے موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔گورنر نے کہا کہ:"آج ہمارے پاسپورٹ کی ویلیو میں اضافہ ہو رہا ہے، دشمن نے رات کے اندھیرے میں جنگ مسلط کی، لیکن اختتام اللہ تعالیٰ نے ہماری مرضی کے مطابق کیا۔"
پی ٹی آئی پر کڑی تنقید:
کامران ٹیسوری نے اپنی گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا:"بھارت یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ پاکستان اندرونی طور پر غیر مستحکم ہے۔ ایک سیاسی جماعت، پی ٹی آئی، نے دو سال تک افواج پاکستان کو بدنام کیا اور کچھ عناصر بیرونی سازش کا حصہ بن گئے۔"تاہم انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد تمام سیاسی جماعتوں نے، بشمول پی ٹی آئی، قوم کی یکجہتی کا ثبوت دیتے ہوئے دشمن کو متفقہ پیغام دیا۔
امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام:
گورنر سندھ نے کہا کہ:"پاکستان نے ہمیشہ امن اور برداشت کا دامن تھاما ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے، ہم ایک پرامن قوم ہیں۔"انہوں نے زور دیا کہ کراچی جیسا متنوع شہر بین الثقافتی ہم آہنگی کی مثال ہے:"میرے شہر میں بمبئی بیکری، دہلی ربڑی، سب موجود ہیں، مگر کسی کی دکان کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔"
9 مئی کے واقعات پر تبصرہ:
گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ:"ان کارکنوں کو عام معافی دی جائے جو 9 مئی کی سازش میں بے گناہ تھے۔ ہم سب ایک قوم ہیں اور ہمیں آگے بڑھ کر قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔"
مودی سرکار پر تنقید:
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا:"ہم بھارت اور اس کی فورسز کے دشمن نہیں، مگر مودی کے خلاف ہیں جس نے ہمارے مسجدوں کو شہید کیا۔ اس کا جھوٹ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، اور اب اس کا سر شرمندگی سے جھک چکا ہے۔"
افواج پاکستان اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی:
کامران ٹیسوری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:"پاکستانی عوام اپنے سپہ سالار کے ساتھ ہیں۔ دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔"انہوں نے کہا کہ:"پاکستان کا ہر شخص کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔"