لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جنگ کے دنوں میں سب سے متحرک وزیر اعلیٰ کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی تقاریر سے پاک فوج کا مورال بلند کیا اور عوام میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ جب ڈرونز گر رہے تھے، مریم نواز نے پنجاب کی سول انتظامیہ کو متحرک رکھا، جبکہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ جنگ کے دنوں میں اڈیالہ جیل کے چکر کاٹ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دنوں میں علیمہ خان اسے 'نورا کشتی' قرار دے رہی تھیں اور پوری تحریک انصاف جنگ کے دوران منظر عام سے غائب رہی اور ان کا سوشل میڈیا اپنے ہی ملک اور فوج کے خلاف مہم جوئی میں مصروف رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے بہت سے چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔