لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے شاہپور کانجراں ملتان روڈ پر تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیاجس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو بچیاں زخمی ہو گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق نامعلوم گاڑی نے ایک آٹو رکشہ کو ٹکر ماری، جس سے رکشہ میں سوار تین افراد متاثر ہوئے۔ حادثے میں 14 سالہ سفیان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ 10 سالہ زہرہ اور 7 سالہ مسکان زخمی ہو گئیں۔ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع ملنے پر فوری موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ جاں بحق ہونے والے سفیان کی لاش ضروری کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دی گئی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کے بعد نامعلوم گاڑی کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں