پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منور انجم ٹریفک حادثہ میں زخمی‘گاڑی تباہ

پشاور لاہور موٹروے پر   کارکا ٹائر پھٹنے کے باعث حادثہ ہوا‘منور انجم کی اہلیہ محفوظ رہیں
چودھری منور انجم کا کندھا فریکچر‘شدید چوٹیں آئیں‘پی پی رہنمائوں نے گھر جا کر خیریت دریافت کی
 لاہور(عدنان ملک)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے سابق میڈیا ایڈوائزر چودھری  منور انجم کی گاڑی کو پشاور لاہور موٹروے پر  شدید حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کار کا ٹائر پھٹنے کے باعث  ہوا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، تاہم آپ اور آپ کی زوجہ معجزانہ طور پر ایک بڑے نقصان سے بچ گئے۔حادثے میں چودھری  منور انجم کی زوجہ محفوظ رہیں جبکہ انہیں خود کندھے پر فریکچر اور دیگر شدید چوٹیں آئیں۔ چودھری  منور انجم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کیا گیا، جہاں سے علاج کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ حادثے کا سن کر پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ اور سابق صوبائی وزیر نیلم جبار نے گھر پر آ کر خیریت دریافت کی۔ ان کے علاوہ انفارمیشن سیکرٹری صہیب اعوان نے بھی گھر پر آ کر خیریت دریافت کی۔