حماس کا وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کا خیرمقدم

اسلام آباد (آئی این پی )حماس کے سینئر رہنما ڈاکٹر سامی ابو زہری نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیش کیے گئے پاکستانی موقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ اسلامی دنیا متحد ہو کر فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں عملی اقدامات کرے۔ڈاکٹر سامی ابو زہری نے اپنے بیان میں کہا وزیر دفاع خواجہ آصف کے اعلان کردہ پاکستانی موقف کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کے وزیر دفاع نے اسلامی ممالک کے اتحاد کی بات کی اور اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا پاکستانی وزیر دفاع نے اسلامی ممالک کے اتحاد پر زور دے کر ایک جرات مندانہ موقف اپنایا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے مطالبے کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا اب کوئی چارہ باقی نہیں۔