لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی بلال احمد کی سربراہی میں مفرور اشتہاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاوٓن کے دوران اسلام پورہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پانچ مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کر لیاپولیس کے مطابق گرفتار ملزمان دھوکہ دہی، فراڈ اور بوگس چیک جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتار ہونے والوں میں شہزاد، عابد، اشعر، کبیر اور بشیر شامل ہیں، جو طویل عرصے سے قانون کی گرفت سے بچتے پھر رہے تھے۔اسلام پورہ پولیس نے خفیہ اطلاع اور موثر حکمتِ عملی کے تحت مختلف کارروائیوں کے دوران ان مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کیا، جنہیں بعد ازاں متعلقہ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا سکے۔ایس پی سٹی بلال احمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اسلام پورہ اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور کہا کہ مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے مقررہ اہداف کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہیانہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی۔