ویژن سے محروم حکمران ٹولہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہے: امیر جماعت اسلامی کا تقریب سے خطاب
لاہور (خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ویژن سے محروم حکمران ٹولہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہے، حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈہ سے ملک کا نوجوان مایوس ہو رہا ہے، وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند سالوں میں ترقی کر جائے گا، صرف آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دینے سے آئی ٹی ایکسپورٹ موجودہ 3.2ارب ڈالر سالانہ سے 10ارب ڈالر سالانہ ہو جائے گی، حکومت عوام کو کچھ دینے کے لیے تیار نہیں، 77برسوں سے مافیا ملک پر مسلط ہے، 1994ء سے تمام حکومتیں آئی پی پیز کو نواز رہی ہیں، چند آئی پی پیز مالکان کو کپیسٹی چارجز کی مد میں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ قرار دے کر سالانہ تین ہزار ارب تک دیے جا رہے ہیں، حکمران اشرافیہ سے وسائل چھین کر عوام کو ان کا وارث بنائیں گے، 17جنوری کو مہنگی بجلی اور آئی پی پیزکے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔ نوجوان الخدمت بنو قابل پروگرام کے ایمبیسڈر بنیں، 23فروری کو لاہور میں مفت آئی ٹی کورسز کے دوسرے فیز کا آغاز ہو گا، چاہتے ہیں آئندہ دو سال میں پنجاب میں دس لاکھ بچوں کو کمپیوٹر کورسز کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایکسپو سنٹر میں الخدمت پاکستان کے زیراہتمام ’’بنوقابل‘‘ پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔