پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے موجودہ کرکٹ حالات کو ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دور قرار دیتے ہوئے سیاسی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے اور نااہل افراد کو نہ صرف عہدوں سے بلکہ ٹیم سے بھی ہٹانا ضروری ہے۔ محمد یوسف نے واضح کیا کہ جب تک کرکٹ سے سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی مفادات کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا، مضبوط اور باوقار ٹیم تشکیل نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ معمولی کامیابیوں پر انحصار اب ٹیم کے لیے کافی نہیں، اور نئے پرفارمرز کی شمولیت ناگزیر ہے۔ محمد یوسف نے اس سے قبل بھی قومی اسکواڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کا وقت گزر چکا ہے۔واضح رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔