پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر محمد یوسف نے کھیل کے میدان کے بعد کاروباری دنیا میں قدم رکھ دیا۔ انہوں نے اپنا ذاتی برانڈ "ایم وائے برکہ" لانچ کر دیا ہے، جو خصوصی طور پر حج و عمرہ کی اشیاء جیسے احرام، تسبیح، ٹوپی اور دیگر لوازمات فراہم کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو پیغام میں محمد یوسف نے کہا کہ:“آج میرے لیے ایک خوشی کا دن ہے، کیونکہ میں اپنے برانڈ 'ایم وائے برکہ' کا آغاز کر رہا ہوں، جس کا مقصد حج و عمرہ کے لیے اعلیٰ معیار کی اشیاء مہیا کرنا ہے۔”یاد رہے کہ محمد یوسف پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1990 اور 2000 کی دہائی میں اپنی شاندار بیٹنگ سے عالمی سطح پر مداحوں کے دل جیتے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک رہے اور قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ کچھ عرصہ قبل محمد یوسف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کی وجہ انہوں نے ذاتی مصروفیات کو قرار دیا تھا۔ان کے کاروباری سفر کی شروعات پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔