شاد باغ ،بادامی باغ میں ریسکیو اہلکاروں نے گھر اور بینک کے کمرے میں لگنے والی آگ پر قابوپالیا
لاہور(کرائم رپورٹر)دومقامات پر آتشزدگی واقعات پر ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق پہلا واقعہ شاد باغ میں پیش آیا جہاں گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر و ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ سلنڈر سے گیس لیک ہونے کے باعث لگی۔ آتشزدگی سے دو افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرکے آگ کو پھیلنے سے روک کر قابو پا لیا۔دوسرا واقعہ بادامی باغ کے علاقے میں پیش آیا جہاں نجی بینک کے کمرے میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت سے آگ پر جلد قابو پا لیا گیا جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ریسکیو حکام نے شہریوں کو گیس سلنڈرز اور برقی آلات کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ آتشزدگی واقعات سے بچا جا سکے۔