دوست ممالک نے پاکستان واپسی سے منع کیا،بی بی نے کہا، ’میں نے عوام سے وعدہ کیا ، پاکستان جاؤں گی
وہ نہ ڈرنے والی بھٹو کی بیٹی تھیں، ابھی ڈیڑھ سال ہوا ہے، جیل مردوں کی طرح کاٹو، عورتوں کی طرح کیوں رو رہے ہو۔
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو وزیراعظم اور مخدوم کو گورنر بنایا، ہم سرائیکیوں کی عزت کرتے ہیں، میری مادری زبان سرائیکی ہے۔ رحیم یار خان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی بی کی سوچ جیسا لیڈر نظر نہیں آتا، انہوں نے بھٹو سے اور ہم نے بی بی سے سیاست سیکھی۔ صدر آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بینظیر کو دوست ممالک نے پاکستان واپسی سے منع کیا، بی بی نے کہا، ’میں نے عوام سے وعدہ کیا ہے، پاکستان جاؤں گی۔‘انہوں نے کہا کہ بی بی کے نصیب میں شہادت تھی، میرے گمان میں نہیں تھا کہ ایسا ہوگا، جب وہ گاڑی میں بیٹھیں، میں نے منع کیا کہ جانے کی ضرورت نہیں۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ وہ نہ ڈرنے والی بھٹو کی بیٹی تھیں، ہم پاکستان کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، ابھی ڈیڑھ سال ہوا ہے، جیل مردوں کی طرح کاٹو، عورتوں کی طرح کیوں رو رہے ہو۔