تلونڈی(خصوصی رپورٹ)سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر کی بے حسی، موبائل گیم مریضوں پر حاوی۔تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چونیاں میں دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹر کی جانب سے موبائل فون پر گیم کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد محکمہ صحت کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر انضمام موبائل فون پر گیم کھیلنے میں مصروف ہے جبکہ اس کے گرد خواتین مریضائوں کا ہجوم موجود ہے جو گھنٹوں سے علاج اور معائنے کے انتظار میں کھڑی ہیں۔جبکہ ایک خاتون مریضہ اپنی تکلیف بیان کرتی دکھائی دیتی ہے مگر ڈاکٹر کی توجہ مریض کی بات سننے کے بجائے موبائل سکرین پر مرکوز رہتی ہے، جسے شہری پیشہ ورانہ غفلت، غیر ذمہ داری اور حلفِ طب کی صریح خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔واقعے کے بعد شہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔