حکومت الیکشن کمیشن کے احکامات کے تحت انتخاب کرانے کی پابند،التوا کا آپشن صرف کوئی عدالتی فیصلہ ہی ہو سکتا ہے :ماہرین کی گفتگو
لاہور (خصوصی رپورٹ)چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی ذمہ داریوں کی بنیاد پر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے پابند ہیں اور اس حوالہ سے پنجاب حکومت نے10جنوری تک دیگر تکنیکی تیاریوں کیلئے وقت لے رکھا ہے ،دس جنوری کے بعد ہم بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کااعلان کر دیں گے۔ اس حوالہ سے الیکشن کمیشن اپنی ضروری تیاریاں مکمل کر چکا۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات کے التوا کا اب آپشن صرف کوئی عدالتی فیصلہ یا کوئی قانون سازی کا عمل ہی ہوسکتا ہے ورنہ حکومت الیکشن کمیشن کے احکامات کے تحت الیکشن کرانے کی پابند ہو گی۔ یاد رہے کہ بلوچستان حکومت کی اپیل کے باوجود الیکشن کمیشن نے انہیں الیکشن کے انعقاد کا پابند بنا رکھا ہے اور اسلام آباد میں حکومت نے الیکشن کے ضمن میں ایک کونسل بنانے کی تجویز دے رکھی ہے مگر الیکشن کمیشن یہاں بھی اپنی ہدایات کے حوالہ سے ثابت قدم ہے۔