فیض حمید کو سزا مکافات عمل ہے، خود احتسابی کا عمل جاری رہے گا: بلال اظہر کیانی

اسلام آباد (آئی  این پی)وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے  فیض حمید کو سزا ایک مکافات عمل ہے، خود احتسابی کا عمل جاری رہے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج نے خود احتسابی کی مثال قائم کی، فیض حمید کیس کا فیصلہ فوج میں خود احتسابی کے مضبوط نظام کا ثبوت ہے، 15 مہینے کے قانونی پراسس کے بعد فیض حمید کو سزا دی گئی، دفاع کا موقع دینے کے بعد 4 چارجز کی بنیاد پر سزا کا اعلان ہوا، بانی پی ٹی آئی نے اس شخص سے مل کر نواز شریف سمیت لیگی رہنماں کے خلاف تھانے دار کا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں قومی معیشت مستحکم ہوئی، ملک کو مشکل معاشی حالات سے نکالا ہے، مالی سال 2025 میں منی بجٹ لائے بغیر اہداف پورے کیے، اسٹرکچرل اصلاحات کے نتیجے میں معاشی استحکام ممکن ہوا، مہنگائی کی شرح میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ کو بہتر کیا، معیشت میں نجی شعبے کے کردار کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دیں گے، وزیراعظم نے نجی شعبے کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کر رکھا ہے، ورکنگ گروپس نے وزیراعظم کو اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹوئٹ میں وہی زبان استعمال کی جو پاکستان دشمن کرتے ہیں، پاکستان پر حملہ آور ہونا پی ٹی آئی کی روایت بن چکی ہے۔بلال اظہر نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے معرکہ حق میں دشمن کو عبرت ناک شکست دی، پی ٹی آئی فاتح فوج کے خلاف بیانیہ چلا رہی ہے، سیاست کے لبادے میں پاکستان اور اس کے اداروں پر حملہ ناقابل قبول ہے