60 کروڑ کی لاگت کے منصوبے کو 3 ماہ میں مکمل کیاجائیگا:وزیر ہا ئوسنگ کوبریفنگ
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبائی وزیر ہا ئوسنگ بلال یاسین نے کریم پارک، بلال گنج میں زیر زمین واٹر ٹینک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے منصوبے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 60 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے اس منصوبے کو تین ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد 18 لاکھ گیلن بارشی پانی محفوظ کیا جا سکے گا، جس سے بلال گنج اور کریم پارک کے ساتھ دیگر ملحقہ آبادیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ صوبائی وزیر ہا ئوسنگ بلال یاسین نے منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور مقامی آبادی کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، واٹر ٹینک کی تکمیل کے ساتھ پارک کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا ،اہلیانِ حلقہ نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پانی کے ذخیرے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔