لاہور میں سی سی ڈی کوتوالی کے ساتھ مقابلے میں نوید اختر عرف سونا اور مختار مارے گئے
گوجرانوالہ، وزیر آباد میں شیخ رشید، راشد لودھی ، عامر اور ناصر ہلاک، 6ساتھی فرار ہوگئے
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ، گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 6ڈاکو ہلاک ہوگئے ، لاہور میں سی سی ڈی نے کوتوالی اور ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزموں کو ہلاک کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ٹیم نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں نوید اختر عرف سونا اور مختار عرف مختار ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدہ ملزمان اقدام قتل، قتل، پولیس مقابلہ اور دوران واردات زنا جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے اور پولیس نے مزید کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے۔ گوجرانوالہ میں تھانہ صدر کے علاقہ میں سی سی ڈی کے اہلکاروں نے ڈکیتی واردات میں ملوث ہونے کے شبہ میں ملزموں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جبکہ پولیس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی ،فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر دو ڈاکو مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت شیخ رشید اور راشد لودھی کے نام سے ہوئی جو 40 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھے دوسری جانب فرار ملزموں کی تلاش جاری ہے۔وزیر آباد میں 2مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ڈاکو مارے گئے،جبکہ 4 ملزم فرار ہوگئے۔بتایاگیا کہ پولیس تھانہ صدر کی گشت کرنے والی ٹیم نے چناب قینچی پرانا چناب پل روڈ پر مشکوک ملزموں کو روکنے کی کوشش کی تو موٹرسائیکل سوار وں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد لاہور برکی روڈ کے رہائشی ناصر ایوب راجپوت کی لاش ملی جو تھانہ سٹی وزیر آباد میں مطلوب تھا، ملزموں کے دو ساتھی فرار ہوگئے، جبکہ وزیر آباد میں ہی تھانہ گکھڑ منڈی کی پولیس ٹیم اور تین موٹرسائیکل سوار ملزموں کے درمیان ابن والی چوک مٹم پل کے قریب فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،2ملزم اندھیرے میں فرار ہوگئے جبکہ ایک ملزم ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت عمر فاروق بٹ سکنہ سوئی گیس روڈ گوجرانوالہ کے نام سے ہوئی ،ملزم ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھا ، ہلاک ہونے والے دونوں ملزموں کی لاشوں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے ہمراہی فرار ہونے والے ملزموں کے خلاف دفعہ 302 سمیت 5 مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔