یاسر حسین کی نوجوانوں کو شادی سادہ رکھنے کی تلقین

یاسر حسین کی نوجوانوں کو شادی سادہ رکھنے کی تلقین

ویب ڈیسک: معروف اداکار اور میزبان یاسر حسین نے شادیوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور غیر ضروری رسومات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام، خصوصاً نوجوان نسل سے اپیل کی ہے کہ شادیوں کو آسان بنایا جائے تاکہ یہ خوشی کا موقع بوجھ نہ بنے۔

یاسر حسین نے ایک حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل شادیوں کو مشکل اور مہنگا بنا دیا گیا ہے کیونکہ لوگ تقریبات کی تعداد بڑھاتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نکاح قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں کر لینا چاہیے اور پھر ولیمے کی ایک سادہ تقریب کافی ہے۔اداکار نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کچھ قریبی دوست، جو شادی کے قریب ہیں، غیر ضروری خرچوں کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہیں۔ "ان کے چہروں پر خوشی کے بجائے فکر جھلکتی ہے کیونکہ وہ 5 سے 6 تقریبات کے اخراجات برداشت کرنے کی فکر میں ہیں، حالانکہ یہ ظلم ہے۔"

پروگرام کے دوران اداکار فیصل قریشی نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آج کل ایک عام سی شادی پر بھی تقریباً 50 لاکھ روپے خرچ ہو جاتے ہیں۔ اس پر یاسر حسین کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی رقم سے کوئی بہتر کاروبار شروع کیا جا سکتا ہے یا پھر ایک اپارٹمنٹ خریدا جا سکتا ہے۔یاسر حسین نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ معاشرتی دباؤ کے بجائے آسان اور سادہ شادیوں کو ترجیح دیں تاکہ یہ لمحہ اصل خوشی اور سکون کا باعث بنے، نہ کہ زندگی بھر کے قرض اور مشکلات کا۔