تعلقات انسانی وسائل کے انتظام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولیں گے :عاصم افتخار
نیویارک (آئی این پی )پاکستان اور مغربی بحرالکاہل میں واقع جزیرہ نما ملک مائکرونیشیا کے درمیان باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ۔پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد اور وفاقی ریاستِ مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس۔ لپوے نے نیویارک میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے جس کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو باضابطہ شکل دی گئی۔یہ دستخطی تقریب پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات پاکستان کے یومِ آزادی کی سالگرہ کے موقع پر قائم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات انسانی وسائل کے انتظام، استعداد کار میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولیں گے۔