ملزموں کے قبضے سے 2 ہزار کلو چرس، 621 کلو آئس اور 104 کلو ہیروئن برآمد کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے رواں سال منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5486 ملزمان کو گرفتار کر کے 5293 مقدمات درج کر لیے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار کلو چرس، 621 کلو آئس اور 104 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔کارروائیوں کے دوران 410 کلو بھنگ، 50 کلو افیون اور 22 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی گئی۔ سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ منشیات کی آن لائن خرید و فروخت کے ذرائع پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔