خیبرپختونخوا: پولیس ایکٹ کا نیا مسودہ تیار ، اختیارات محدود کرنے کی تجویز

 آئی جی کی تعیناتی کیلئے  وفاقی حکومت 3 افسروں پر مشتمل پینل صوبائی حکومت کو بھیجے گی
مسودے کے تحت صوبائی حکومت کو آئی جی کو وفاق واپس بھیجنے کا اختیار دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026 کا نیا مسودہ تیار کرلیا گیا ، جس میں پولیس کی خودمختاری محدود کرنے اور صوبائی حکومت کا کردار بڑھانے سمیت متعدد اہم تبدیلیوں کی تجاویز دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق مجوزہ پولیس ایکٹ میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اعلی پولیس افسران کی تعیناتی، تبادلے اور پوسٹنگ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔نئے مسودے کے تحت آئی جی کی تعیناتی کیلئے  وفاقی حکومت 3 افسران پر مشتمل پینل صوبائی حکومت کو بھیجے گی۔ صوبائی حکومت کو کسی افسر سے عدم اتفاق کی صورت میں نیا پینل طلب کرنے کا اختیار دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہونے کی صورت میں انہیں مدت مکمل ہونے سے پہلے تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ صوبائی حکومت کو آئی جی کو وفاق واپس بھیجنے کا اختیار دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔