شہباز شریف حکومت کے پہلے 16 ماہ میں قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ

شہباز شریف حکومت کے پہلے 16 ماہ میں قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ

اسلام آباد: شہباز شریف حکومت کی جانب سے پہلے 16 مہینوں میں لیے گئے قرضوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2025 تک کے عرصے میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق:

وفاقی حکومت کے مقامی قرضے 42 ہزار 675 ارب روپے (فروری 2024) سے بڑھ کر جون 2025 تک 54 ہزار 471 ارب روپے ہوگئے، یعنی 11 ہزار 796 ارب روپے کا اضافہ۔
اسی عرصے میں بیرونی قرضے 22 ہزار 134 ارب روپے سے بڑھ کر 23 ہزار 417 ارب روپے ہو گئے، یعنی 1282 ارب روپے کا اضافہ۔اس طرح جون 2025 تک وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 77 ہزار 888 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ فروری 2024 میں یہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔مزید برآں، اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2025 تک پاکستان پر مجموعی قرضے اور واجبات 94 ہزار 197 ارب روپے تک جا پہنچے، جبکہ صرف مالی سال 2024-25 میں ہی ملکی قرضوں اور واجبات میں 8 ہزار 740 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔