پاکستانی ڈراموں کی بدولت بھارتی عوام کو معلوم ہوا پاکستان میں بھی عام، تعلیم یافتہ اور مہذب لوگ بستے ہیں
کراچی (شوبز ڈیسک ) معروف اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی بڑھتی مقبولیت وہاں ان پر پابندی کا باعث بنی ہے۔حال ہی میں فیصل قریشی نے اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت پاکستانی ڈراموں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ان کے ذریعے پاکستان کا مثبت تاثر سامنے آنے سے خوفزدہ تھی۔اداکار کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی بدولت بھارتی عوام کو معلوم ہوا کہ پاکستان میں بھی عام، تعلیم یافتہ اور مہذب لوگ بستے ہیں، یہی وجہ تھی کہ حکومت نے ان ڈراموں کا اثر محدود کرنے کی کوشش کی۔فیصل قریشی نے دعوی کیا کہ پابندیوں کے باوجود بھارتی ناظرین نے پاکستانی ڈرامے دیکھنا بند نہیں کیے بلکہ وی پی این کا استعمال شروع کر دیا۔ عوام کی دلچسپی برقرار رہنے کے باعث بالآخر بھارتی حکومت کو اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا پڑا۔