لاہور: سگنل پر کھڑی کار ٹرالر کی زد میں آگئی، 3 افراد جاں بحق

لاہور: سگنل پر کھڑی کار ٹرالر کی زد میں آگئی، 3 افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں میاں، بیوی اور ان کا کمسن بیٹا جاں بحق ہوگئے۔

 ٹریفک سگنل پر کھڑی کار پر 22 ویلر ٹرالر چڑھ دوڑا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار افراد پھنس گئے۔پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار ٹریفک سگنل پر رکی ہوئی تھی کہ اسی دوران بھاری ٹرالر اس پر چڑھ گیا۔ ٹرالر کے وزن کے باعث کار بری طرح پچک گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تینوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ تباہ شدہ کار کو ٹرالر کے نیچے سے نکالنے کے لیے کرین اور دوسرے ٹرالر کی مدد لی گئی، جبکہ گاڑی میں پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں نے کار کے مختلف حصے کاٹے۔طویل امدادی آپریشن کے بعد تینوں افراد کی لاشیں نکال کر مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد عاصم، ان کی اہلیہ ہما عاصم اور بیٹے طلحہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ، شاہ جمال سے تھا۔

حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ حادثے کا شکار کار کا رجسٹریشن نمبر DEX-436 بتایا گیا ہے۔حادثے کے بعد تباہ شدہ کار کو سڑک سے ہٹا کر علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی، تاہم حادثے میں ملوث ٹرالر موقع پر موجود رہا۔ پولیس کی جانب سے ذمہ داروں کی تلاش اور حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔