حماس نے 4 مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں

باقی 24 لاشوں کو نکالنے میں وقت لگ سکتا ہے ‘ تدفین کے تمام مقامات کا علم نہیں:حماس
جیسے ہم اپنے اہلخانہ سے جا ملے ہیں، ویسے ہی باقی قیدی بھی جلد اپنے گھروں کو لوٹیں: فلسطینی قیدی
غزہ،نیویارک(آئی این پی )فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 20 یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کردیں اور کہا باقی 24 لاشیں نکالنے میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ان کے تدفین کے تمام مقامات کا علم نہیں ہے جبکہ اقوام متحدہ کا غزہ کیلئے  اضافی 11 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا ہے۔حماس نے چاروں مغویوں کی لاشوں کو  بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیلی کے حوالے کیں۔مغربی کنارے پہنچنے والے ایک رہائی پانے والے فلسطینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں پھر غزہ کے ان جانثاروں کا جنہوں نے اپنی قربانیوں سے ہمیں عزت کے ساتھ رہائی دلائی، ہم ان کے قدم چومتے ہیں۔"رہائی پانے والے قیدی نے تمام فلسطینی اسیران کی آزادی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہم اپنے اہلِ خانہ سے جا ملے ہیں، ویسے ہی باقی قیدی بھی جلد اپنے گھروں کو لوٹیں۔