گزشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان سے پانچ بڑی ملٹی نیشنل دواساز کمپنیاں اپنے مقامی آپریشنز بند کرنے یا فروخت کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں، جس کا انکشاف حالیہ رپورٹ میں کیا گیا ہے جو قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے گزشتہ روز اسمبلی کو بتایا کہ یہ کمپنیاں—Bayer، ICI Pakistan، Sanofi-Aventis، Pfizer اور Novartis—نے اپنی پاکستان میں موجود مینوفیکچرنگ یونٹس فروخت کر دیے ہیں، اور اب یہ مقامی کمپنیوں کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلے بندش کے سبب نہیں بلکہ اسٹریٹجک کاروباری حکمت عملی کے تحت کیے گئے ہیں، تاکہ ملک میں ادویات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔تفصیلات کے مطابق، Bayer کی لاہور میں واقع فیکٹری، ICI Pakistan کے مختلف شہروں میں آپریشنز، Sanofi کا کراچی کے علاقے کورنگی میں صنعتی یونٹ، Pfizer کا کراچی سائٹ پر پلانٹ، اور Novartis کا ویسٹ وہارف کراچی میں موجود یونٹ، یہ سب کمپنیاں پاکستان سے نکل چکی ہیں۔ ان تمام مینوفیکچرنگ یونٹس کو مقامی کمپنیوں کے حوالے کیا گیا ہے، جو اب ان پر کام کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فارما کمپنیوں کے ملک سے نکلنے کی وجوہات کی تفصیلات فی الحال فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں کہ بعض کمپنیوں نے اپنی سرمایہ کاری اور کاروباری حکمت عملی میں تبدیلی کے باعث یہ قدم اٹھایا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے اس حوالے سے واضح وضاحت تاحال نہیں دی گئی ہے۔