سینیٹ اجلاس: ترامیم پر اختلافات، بل کی منظوری مؤخر کرنے کا فیصلہ

 چیئرمین سینیٹ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بل کی منظوری موخر کرنے کا حکم دے دیا
 اسلام آباد (یواین پی) ایوانِ بالا نے نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل کو پیپلز پارٹی کے شدید احتجاج کے باعث موخر کر دیا۔ جمعہ کو ہونے والے سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی رانا تنویر خان نے بل اور اس میں مجوزہ ترامیم پیش کیں، جنہیں ابتدائی طور پر منظور کر لیا گیا۔بل پر شق وار رائے شماری کے بعد چیئرمین سینیٹ نے ترامیم کی منظوری دی، تاہم اس موقع پر پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے چیئرمین تک ان ترامیم سے لاعلم ہیں۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس طرح ترامیم پیش کرنا پارلیمانی طریق کار کے خلاف ہے۔اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے وضاحت کی کہ کمیٹی کی جانب سے بل منظور ہونے کے بعد اس میں موجود غلطیوں کی نشاندہی کی گئی جسے ترامیم کے ذریعے درست کیا جا رہا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ بل کو مؤخر کیا جائے تاکہ اسے دوبارہ دیکھنے کا موقع مل سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بل کی منظوری موخر کرنے کا حکم دے دیا۔