طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی ہاکی کی پاکستان واپسی کا امکان

طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی ہاکی کی پاکستان واپسی کا امکان

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کو 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان مدعو کر لیا ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیریز کے حوالے سے بات چیت ابتدائی مرحلے میں جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی خواہش ہے کہ یہ سیریز جولائی کے آخری ہفتے میں پاکستان میں کھیلی جائے، تاہم میچز کے میزبان شہروں کا حتمی فیصلہ مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔محی الدین وانی کے مطابق اگر کوریا کا دورہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اگست میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاریوں کے سلسلے میں کوریا کے خلاف 4 ٹیسٹ میچز کھیلنے کی خواہشمند ہے۔عالمی ہاکی رینکنگ میں پاکستان 12ویں جبکہ کوریا 20ویں نمبر پر موجود ہے۔