پاکستان میں 24 سال بعد انٹرنیشنل ہاکی کی مکمل بحالی کی تصدیق ہو گئی ہے، اور جنوبی کوریا پہلی قومی ٹیم ہوگی جو اس عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں انٹرنیشنل ہاکی سرگرمیوں کی واپسی کے لیے کوششیں جاری تھیں، جنہیں اس وقت بڑی کامیابی ملی جب جنوبی کوریا کی قومی فیلڈ ہاکی ٹیم نے پاکستان آنے اور سیریز کھیلنے کی باقاعدہ تصدیق کر دی۔ذرائع کے مطابق یہ سیریز جولائی میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، جس کے دوران پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے مطابق سیریز کا حتمی شیڈول آئندہ دو سے تین روز میں طے کر لیا جائے گا۔پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، کیونکہ 24 سال سے کسی بڑی سینئر قومی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 2024 میں جرمنی کی جونیئر ٹیم اور چند یورپی کلبز نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، تاہم یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی سینئر قومی ٹیم کے ساتھ مکمل بین الاقوامی سیریز پاکستان میں کھیلی جائے گی۔ہاکی حلقوں کے مطابق یہ سیریز نہ صرف پاکستان میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی واپسی کا اشارہ ہے بلکہ ملک میں ہاکی کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کی جانب بھی ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔