ترقیاتی اخراجات میں بڑے اضافے کی منظوری

اخراجات میں اضافے نے منصوبے کی لاگت کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا
لاہور (خصوصی رپورٹ)ایل ڈی اے نے ایونیو ون منصوبے کے تھرڈ ریوائزڈ پی سی ون کی منظوری دیتے ہوئے ترقیاتی اخراجات میں بڑے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔دو ہزار سترہ میں منظور ہونے والے منصوبے کی لاگت دس ارب تین کروڑ نوے لاکھ روپے تھی جو اب بڑھ کر ستائیس ارب بیالیس کروڑ ستانوے لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ تعمیراتی میٹریل، انجینئرنگ ورک اور یوٹیلیٹی اخراجات میں تقریباً دو سو اکیانوے فیصد اضافے نے منصوبے کی مجموعی لاگت کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا۔اسی تناظر میں گورننگ باڈی نے ترقیاتی کاموں کی نگرانی کیلئے نئی سپروائزری کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ایل ڈی اے کا شعبہ انجینئرنگ اب ازخود کسی نئے ترقیاتی کام کا آغاز نہیں کر سکے گا جبکہ ہر بڑے اقدام کیلئے کمیٹی کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔چیف انجینئر ون کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں متعلقہ افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ ایونیو ون میں کئی برسوں سے زیر التوا رہنے والے مقدمات کے باعث متعدد ترقیاتی سرگرمیاں تعطل کا شکار تھیں، تاہم قانونی پیچیدگیاں کم ہونے کے بعد مسنگ ڈویلپمنٹ ورک کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔