پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلا دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد دوسرے ٹیسٹ سے قبل تازہ دم ہونے کے لیے سلہٹ میں شاپنگ سینٹر پہنچ گئی۔
سلہٹ میں موجود قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے مقامی شاپنگ مال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف روایتی اشیاء اور تحائف خریدے۔ کھلاڑیوں نے اپنے اہل خانہ اور قریبی عزیزوں کے لیے بھی خریداری کی۔رپورٹس کے مطابق بعض کھلاڑیوں نے روایتی ملبوسات اور ساڑھیوں کی خریداری بھی کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، سلمان علی آغا اور دیگر کھلاڑی شامل تھے۔
کھلاڑیوں کے ساتھ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شاپنگ مال میں موجود شہریوں نے ان سے ملاقات کی، آٹوگراف لیے اور تصاویر بھی بنوائیں۔پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سلہٹ میں شروع ہوگا، جہاں میزبان ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔