ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری:افسرا ن کو طلب کرنے کاعندیہ

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے کہا ہے کہ شہریوں کی شکایات کا تھانہ کی سطح ہر حل ہونا اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کے مسائل تھانہ میں حل ہوں تو کھلی کچہری کا مقصد پورا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کھلی کچہری میں سائلین کی شکایات پر حکم سناتے ہوئے مسائل حل نہ کرنے والے افسران کو کھلی کچہری میں طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔ فیصل کامران نے لین دین میں فراڈکی درخواستوں پر ایس پی اقبال ٹاؤن، ایس ڈی پی او اسلام پورہ،ایس ڈی پی او ڈیفنس، ایس ایچ اوز شالیمار، شادباغ،لوئر ما اورایس ایچ او بھاٹی گیٹ کو انکوائریوں کا حکم دیا۔ انہوں نے فراڈ کی شکایات پرایس ایچ اوز شاد باغ، کاہنہ،فیکٹری ایریا، باغبانپورہ،غازی آباد، ساندہ، شاہدرہ اورایس ایچ او لاری اڈہ کو بھی بعد از تحقیق قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ کھلی کچہری میں وراثتی جائیداد کی تقسیم پر لڑائی جھگڑوں کی شکایات پر بھی احکامات جاری کئے گئے۔