ویب ڈیسک: لاہور سمیت صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے لائسنسنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک پولیس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ہزاروں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کی بلکہ قانون شکن ڈرائیوروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا۔
لائسنسنگ میں نمایاں بہتری
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ایک دن میں 26,900 سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ سے متعلق سہولیات حاصل کیں۔
8,800 شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔
17,765 سے زائد افراد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا۔
8,000 سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنس کی تجدید کروائی۔
ترجمان کے مطابق یہ عمل ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کی خصوصی ہدایات کے تحت کیا جا رہا ہے، جنہوں نے لائسنس کی بروقت اور مؤثر فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
چالاننگ میں سختی، قانون شکنوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں
ٹریفک پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے:
44,475 شہریوں کو ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔
6,000 سے زائد افراد کو بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر جرمانہ کیا گیا۔
2,429 موٹر سائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر چالان جاری کیے گئے۔
2,000 سے زائد کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
15,000 سے زائد شہریوں کو دیگر سنگین خلاف ورزیوں جیسے ون وے کی خلاف ورزی، تیز رفتاری اور سگنل توڑنے پر چالان جاری کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کی شہریوں سے اپیل
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور بغیر لائسنس یا حفاظتی اقدامات کے ہرگز گاڑی نہ چلائیں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے یہ اقدامات جاری رہیں گے اور خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔