مونٹی ویڈیو(آئی این پی )یوروگوئے کے سابق صدر اور عالمی سطح پر دنیا کے غریب ترین صدر کے طور پر معروف خوسے پے پے موہیکا 89برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ان کے انتقال کی اطلاع موجودہ صدر یاماندو اورسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی، جہاں انہوں نے لکھا کہ آپ نے جو کچھ ہمیں دیا، اور اپنے عوام سے جو گہری محبت کی، اس کے لیے شکر گزار ہیں۔خوسے موہیکا گذشتہ کچھ عرصے سے غذائی نالی کے کینسر میں مبتلا تھے۔موہیکا 2010سے 2015تک یوروگوئے کے صدر رہے اور اپنی سادہ زندگی، صارفیت پر تنقید اور سماجی اصلاحات کی بناء پر عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔وہ تنخواہ کا بیشتر حصہ خیرات کر دیتے اور ایک معمولی فارم ہائوس میں رہائش پذیر تھے۔ ان کے دورِ حکومت میں یوروگوئے دنیا کا پہلا ملک بنا جس نے تفریحی مقاصد کے لیے بھنگ کے استعمال کو قانونی حیثیت دی۔