پنجاب کابینہ میں توسیع کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے اتحادی جماعتوں کو شامل کرنے کی حکمت عملی کو مزید تیز کر دیا ہے، جس کے تحت مسلم لیگ (ق) کے بعد استحکام پاکستان پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی کابینہ کا حصہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پنجاب کابینہ کی توسیع کے لیے نئے وزراء کے ناموں کی فہرست تیار کر رکھی ہے، جو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے پاس موجود ہے۔ تاہم، فی الحال کابینہ کی توسیع کو مؤخر کیا گیا ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ بات چیت کا عمل مثبت انداز میں جاری ہے۔پنجاب کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کے حوالے سے صوبائی وزیر کا دعویٰ ہے کہ حالیہ مذاکرات میں اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے کابینہ میں شمولیت کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کی ہے اور تین وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) دو وزارتوں دینے پر آمادہ ہے۔
اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کی گئی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی پنجاب کابینہ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو کی منظوری سے مشروط ہے، اور اس بارے میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان بیک ڈور مذاکرات جاری ہیں۔یہ صورتحال سیاسی سطح پر اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ پنجاب کابینہ میں اتحادی جماعتوں کی شمولیت کے فیصلے سے صوبے کی سیاسی استحکام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔