پیپلز پارٹی کے نئے وزیراعلی کیلئے امجد ایڈووکیٹ کا نام ہارٹ فیورٹ،آزاد امیدواروں کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کی اسمبلی میں پوزیشن مزید مضبوط ہوگی
اسلام آباد (آنلائن)گلگت بلتستان کی حکومت، پیپلز پارٹی نے اہم فیصلے کرلئے ہیں اورپیپلز پارٹی کے چیئرمین جلد مشاورت کے بعد نئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی منظوری مشاورت سے دینگے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے نئے وزیراعلی کیلئے امجد ایڈووکیٹ کا نام ہارٹ فیورٹ قراردیا جا رہا ہے۔چیئرمین اور صدر گلگت بلتستان پیپلز پارٹی میں طویل ٹیلیفونک رابطہ میں کئی امور زیر غور آئے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ہونے والی طویل ٹیلیفونک گفتگو میں بلاول بھٹو نے کامیاب ہونے والے تمام ارکانِ اسمبلی سے رابطہ کی ہدایت کی، پیپلز پارٹی کا ہدف زیادہ سے زیادہ آزاد ارکان کو ساتھ شامل کرنے کی حکمت عملی ہے۔گلگت بلتستان میں حکومت سازی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی کوششوں میں اہم پیش رفت، تین کامیاب آزاد امیدواروں کے ساتھ معاملات طے کر لئے گئے ۔رپورٹ کے مطابق ان میں سے دو کامیاب آزاد امیدوار باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے، جبکہ ایک آزاد امیدوار حکومت سازی کے مرحلے میں پیپلز پارٹی کو اعتماد کا ووٹ دے گا۔سیاسی حلقوں کے مطابق آزاد امیدواروں کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کی اسمبلی میں پوزیشن مزید مضبوط ہوگی اور مخصوص نشستوں کی تعداد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لئے دیگر سیاسی رابطے بھی جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ پارٹی رہنما اس پیش رفت کو حکومت کے قیام کی جانب ایک اہم کامیابی قرار دے رہے ہیں۔