ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کے 26 معطل اپوزیشن ارکان کے خلاف مزید کارروائی وقتی طور پر روک دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسپیکر نے حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات کے پیش نظر کارروائی مؤخر کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل 19 ارکان کے خلاف اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے مزید کارروائی کی جانی تھی، جب کہ 10 ارکان پر ایوان میں توڑ پھوڑ کے الزام میں 20 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، جس کی وصولی بھی روک دی گئی ہے۔ ان ارکان کو دوسرا نوٹس بھی تاحال جاری نہیں ہو سکا، اور تنخواہوں سے رقم کاٹنے کا عمل بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔مزید برآں، حکومت نے اپوزیشن کے 13 ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، تاہم اب بتایا گیا ہے کہ مزید 9 چیئرمین کو ہٹانے کی تحریک عدم اعتماد بھی روک دی گئی ہے۔ اس سے قبل تحریک عدم اعتماد کے ذریعے 4 اپوزیشن چیئرمین کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہے۔