سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ویڈیو، نوجوان گرفتار

ساندہ میں ہوائی فائرنگ،پولیس نے رائفل برآمد کرلی ، مقدمہ درج
لاہور (کرائم رپورٹر) سوشل میڈیا پر ہوائی فائرنگ کی ویڈیو اپلوڈ کرنے کا جنون نوجوان کو مہنگا پڑ گیا۔ ساندہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم عادل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ویڈیو اپلوڈ کی جس سے عوام میں شدید تشویش پھیل گئی۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق ملزم کو ویڈیو فوٹیج کی مدد سے شناخت کیا گیا اور اس کے خلاف ہوائی فائرنگ کا مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے 12 بور رائفل بمعہ کارتوس برآمد کر لی گئی ہے۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے ساندہ پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ قانون شکنی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔