ایف سی دیگر لاء فورس اداروں کی طرح کام کرے گی، نئے ونگز بنائے جائیں گے:طلال چودھری
اسلام آباد‘فیصل آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کر دیا۔آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، ملک بھر میں ایف سی کا دائرہ اختیار بڑھانے کا آرڈیننس جاری کیا جا رہا ہے، ایف سی ایکٹ 1915 میں ترامیم منظوری کے بعد آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔فیڈرل کانسٹیبلری چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں کام کرنے کا اختیار رکھے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کو آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان میں بھی کام کا اختیار حاصل ہو گا۔آرڈیننس میں کہا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کا انسپکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی، فیڈرل کانسٹیبلری سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے‘دریں اثناء فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ایف سی دیگر لا فورس اداروں کی طرح کام کرے گی، عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق نئے ونگز بنائے جائیں گے، ایف سی نے سیکیورٹی سے متعلق بے پناہ کام اور قربانیاں دی ہیں‘ قیام پاکستان کے بعد ایف سی فیڈرل حکومت کے تحت کام کرتی رہی ہے، ایف سی کا قیام 1913 میں ہوا، ماضی میں ایف سی وفاقی حکومت کے انڈر بھی کام کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف سی نے ملک کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں، ایف سی کی تنخواہیں پولیس سے کم تھیں، ایف سی کے بہت سے اہلکار دہشتگردی کیخلاف شہید ہوئے، ایف سی کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں۔وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری اورپولیس دونوں مختلف محکمے ہیں، فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، اب پورے پاکستان سے ایف سی میں لوگ بھرتی کئے جائیں گے۔