منڈی بہاؤالدین:چھت گرنے سے خاندان کے 3 افراد جاں بحق

منڈی بہاؤالدین ،پشاور (خصوصی رپورٹ)منڈی بہاؤالدین اور پشاور میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ، ایک خاتون اور 2بچے زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے علاقے جناح کالونی مونگ میں واقع ایک گھر کے 4افراد کمرے میں سو رہے تھے کہ اچانک چھت ملبے سمیت ان پر آ گری جس کے نتیجہ میں 17 سالہ یاسر اقبال، 25 سالہ رانی اور 65 سالہ خاتون بی بی جاں بحق ہو گئے جبکہ 45 سالہ مریم شدید زخمی ہو گئی۔اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی خاتون کو ملبے تلے سے نکالا،زخمی خاتون کو سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق چھت کے اوپر کچن کی تعمیر کیلئے اینٹیں اور دیگر تعمیراتی سامان رکھا گیا تھا۔ زائد وزن کے باعث چھت گر گئی۔ادھر پشاور کے علاقے واحد گھڑی میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق دونوں بچوں کو بحفاظت نکال کر طبی امداد دی گئی۔