کامران اکمل کا کپتان اور ہیڈ کوچ کو فارغ کرنے کا مطالبہ

کامران اکمل کا کپتان اور ہیڈ کوچ کو فارغ کرنے کا مطالبہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے حالیہ ناقص کارکردگی پر کپتان اور ہیڈ کوچ دونوں کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے بیان میں کامران اکمل نے کہا کہ موجودہ قیادت کو معلوم ہی نہیں کہ کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کمبی نیشن کیسے بنانا ہے اور اسپنرز کو کب اور کس طرح استعمال کرنا ہے۔ ان کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں اسپن آپشنز کو نظر انداز کیا گیا، جبکہ آئندہ ایشیا کپ بھی اسپن کنڈیشنز میں کھیلا جانا ہے۔کامران اکمل نے زور دیا کہ ٹیم کو ایک جارحانہ کپتان کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے شاہین شاہ آفریدی بہترین انتخاب ہیں۔ ان کے مطابق شاہین نے پی ایس ایل میں قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مگر انہیں ایک سیریز بعد قیادت سے ہٹا دینا نقصان دہ فیصلہ تھا۔سابق کرکٹر نے کہا کہ پہلے بنگلا دیش اور اب ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شرمناک شکست کے باوجود گورننگ بورڈ کی میٹنگ بلا کر کوچ، مینجمنٹ اور کپتان کا احتساب کیوں نہیں کیا جا رہا؟ ان کے بقول ان سب کو فوری طور پر فارغ کرنا چاہیے۔