باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی ہورہی ، بڑے پیمانے پر آپریشن نہیں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

جو دہشت گرد اس وقت خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں موجود ہیں وہ کسی مقصد کے بغیر صرف بے معنی جنگ کے لیے آئے ہیں
 امید ہے  جلد ہی علاقہ مکمل طور پر محفوظ قرار دے دیا جائے گا، جس کے بعد لوگ واپس اپنے گھروں کو جا سکیں گے، شہاب علی شاہ
پشاور(آئی این پی )چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ باجوڑ میں اس وقت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی جاری ہے اور یہ کوئی بڑے پیمانے کا آپریشن نہیں، اس کارروائی کا مقصد دہشت گردوں کو دوسرے علاقوں میں منتقل ہونے سے روکنا ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے وضاحت کی کہ باجوڑ میں سڑک کے آس پاس موجود گھروں کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی علاقہ مکمل طور پر محفوظ قرار دے دیا جائے گا، جس کے بعد لوگ واپس اپنے گھروں کو جا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز جرگہ اور انتظامیہ کے ساتھ مشاورت ہوئی ہے تاکہ معاملات کو معمول پر لانے کا طریقہ کار طے کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ جو دہشت گرد اس وقت خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع میں موجود ہیں وہ کسی مقصد کے بغیر صرف بے معنی جنگ کے لیے آئے ہیں۔ جہاں دہشت گرد آتے ہیں وہاں نہ کاروبار چلتا ہے، نہ تعلیم اور نہ ہی کوئی اور معاشرتی سرگرمی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ دہشت گرد کا کام حملہ کرنا ہے جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا کام عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے۔