ٹریفک حادثات،خاتون، بہن بھائی جاں بحق

60سالہ شمیم بی بی ، 12 سالہ بھائی قاسم،10سالہ بہن خدیجہ موقع پرچل بسے،زخمی ہسپتال منتقل
مریدکے،الہ آباد( خصوصی رپورٹ) دو مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں خاتون اورکمسن بہن بھائی جاں بحق،دوسرابیٹا،باپ اورماں زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے براستہ مریدکے نارووال روڈ ایک فیملی ایوری ڈبہ پر فیصل آباد جا رہی تھی، جب وہ قرشی انٹرچینج کے قریب پہنچے تو انکی گاڑی ایک مزدا سے جا ٹکرائی، جس سے 60سالہ خاتون شمیم اختر شدید زخمی ہو گئی،جسے ریسکیو1122 نے مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال پہنچایا، مگر وہ ہسپتال میں دم توڑ گئی، ضروری کارروائی کے بعد پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں الہ آباد کی رہائشی فیملی موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ دیپالپورروڈپر گہلن فلاور منڈی کے قریب تیز رفتار مزداڈالے نے پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجہ میں2بہن بھائی 12سالہ قاسم اور10سالہ خدیجہ موقع پر ہی دم توڑ گئے،8سالہ عبداللہ ،باپ  عبدالمجید اور والدہ عابدہ بی بی شدید زخمی ہوگئے ، اطلاع کے باوجود ریسکیو 1122 اور پٹرولنگ پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی ،مقامی لوگوں نے لاشوں اور زخمیوں کو لوڈر رکشے میں ڈال کر آر ایچ سی ہسپتال منتقل کیا، حادثہ کاشکار محنت کش میاں بیوی اپنے بچوں کے ساتھ گندم کی فصل کی کٹائی کے لئے جارہے تھے، مقامی لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کرپولیس کے حوالے کیا، پولیس نے گاڑ ی اور ڈرائیور کوقبضہ میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر لاہور سے نوٹس لینے اور حادثہ کا شکار ہونے والی فیملی کی مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔