چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق

زخمیوں میں ماں باپ، دو بہن بھائی شامل، ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ہادی ،ہانیہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے
شاہکوٹ(خصوصی رپورٹ)شاہکوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے بہن بھائی جاں بحق،ماں باپ سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ نواحی گائوں ولی پور بوڑامیں صبح سویرے محنت کش محمدیاسین کے خستہ حال مکان کی چھت اچانک منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے6 افراد ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو ترجمان کے مطابق دم گھٹنے سے 13 سالہ ہادی اوراسکی 10 سالہ بہن ہانیہ دم توڑ گئے جبکہ انکی45 سالہ ماں تسلیم بی بی، 50 سالہ باپ محمد یاسین اور دو بہن بھائی 19 سالہ زین اور 17 سالہ میشال زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال شاہکوٹ منتقل کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور حادثے کے متاثرین و لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے زخمیوں کی عیادت کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔