محکمہ پراسیکیوشن کے اعلیٰ افسروں کی جسٹس علی باقر نجفی سے ملاقات‘گلدستہ پیش کیا ‘ عدالتی خدمات کو سراہا
لاہور(سلیمان اعوان)پنجاب کے معزز پراسیکیوٹر جنرل کی قیادت میں محکمہ پراسیکیوشن کے اعلیٰ افسروںنے سپریم کورٹ کے معزز جج جسٹس علی باقر نجفی سے ملاقات کی اور ان کو اعلیٰ عدلیہ میں تقرری پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر معزز پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے جسٹس علی باقر نجفی کو ایک خوبصورت گلدستہ پیش کیا اور ان کی عدالتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا جسٹس نجفی کی سپریم کورٹ میں تقرری نہ صرف محکمہ قانون کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پوری قوم کے لیے بھی ایک خوش آئند قدم ہے۔ ان کی شفاف اور بااصول قانونی بصیرت عدالتی نظام کو مزید مضبوط کرے گی۔ملاقات میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد ارشد فاروقی اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد آصف شیخ بھی شریک ہوئے، جنہوں نے جسٹس نجفی کو اپنی طرف سے تہنیت پیش کی اور کہا اْن کی موجودگی سے سپریم کورٹ میں انصاف کی فراہمی مزید مؤثر اور شفاف ہو گی۔افسران نے امید ظاہر کی کہ جسٹس علی باقر نجفی عدالتی اصولوں، آئین و قانون کی سربلندی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں گے۔ معزز جج نے محکمہ پراسیکیوشن پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اْن کے اعتماد اور نیک تمنائیں ان کے لیے حوصلہ افزا ہیں