ریسکیو 1122 : ایک دن میں سوا لاکھ شہریوں کی تربیت

 ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے پر ریسکیو نے پنجاب بھر میں شہریوں کو سی پی آر سکھائی
 لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر پنجاب بھر میں پاک لائف سیور پروگرام کے تحت ریسکیو 1122 کی جانب سے شہریوں کو زندگی بچانے کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔ ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق لائف سیور تربیتی مہم کا آغاز صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے عملی طور پر سی پی آر کرکے کیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق پنجاب ریسکیو 1122 نے ایک ہی دن میں ایک لاکھ 26 ہزار 284 شہریوں کو عملی تربیت دے کر لائف سیور بنانے کا تاریخی سنگ میل عبور کیا، جو ایک عالمی اعزاز ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں شہریوں کو سی پی آر اور خون بہنے سے روکنے کی تربیت فراہم کی گئی۔ ضلع لیہ 10 ہزار 183 شہریوں کی تربیت کے ساتھ پہلے، ملتان 6 ہزار 244 کے ساتھ دوسرے اور خانیوال 6 ہزار 11 شہریوں کی تربیت کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ فیصل آباد میں 5 ہزار 700 اور رحیم یار خان میں 4 ہزار 910 شہریوں کو تربیت دی گئی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے محکمہ تعلیم و صحت کے تعاون کو سراہتے ہوئے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران اور لائف سیور انسٹرکٹرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب بھر میں لائف سیورز کی یہ تاریخی مہم پاکستان کو دنیا کی صف اول کی لائف سیور قوم بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔