لاہور (کرائم رپورٹر) ظاہر پیر کے قریب قومی شاہراہ پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 40 سالہ محمد ریاض اور 15 سالہ فرزانہ بی بی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لنک روڈ سے مین شاہراہ پر آنے والی موٹر سائیکل دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے زخمیوں کو ظاہیر پیر اسپتال منتقل کر دیا۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس شاہد جاوید کی خصوصی ہدایت پر سوگوار خاندان کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ ایس پی سیکٹر تھری نے زخمیوں کی عیادت کی اور اسپتال کے ایم ایس سے ملاقات بھی کی۔ ڈی آئی جی شاہد جاوید نے حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے احکامات جاری کر دیے۔ ڈی آئی جی شاہد جاوید نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے خاتمے، سیفٹی ہیلمٹ اور بیک ویو مررز کے استعمال کے حوالے سے مئوثر اور مضبوط مہم جاری ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کو روڈ سیفٹی اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق خصوصی بریفنگ دی جاتی ہے جبکہ شہریوں میں مفت ہیلمٹ اور روڈ سیفٹی کا مواد بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔