رانا ثنااللہ بتائیں آپ یا وزیراعظم کتنے با اختیار ہیں؟ یہ آپ اور دوسرے سب بھی جانتے ہیں
یہ نہیں ہو سکتا ایک رات خواب دیکھیں اور پھر نئے صوبے بنا دیں:سینئر رہنما مسلم لیگ ن
لاہور(آئی این پی )مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث اور اپنی ہی پارٹی کے اندرونی ڈھانچے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کئی سوالات اٹھا دیئے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایک مشاورتی اجلاس میں میاں جاوید لطیف نے ملک میں نئے صوبوں کی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اس طرح کے حساس اور اہم انتظامی امور کو ہوا میں نہیں لایا جا سکتا، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک رات خواب دیکھیں اور پھر نئے صوبے بنا دیں، ان لوگوں سے بحث کروائی جا رہی ہے جن کا زمینی حقائق سے کوئی دور دور تک کا تعلق نہیں ہے۔انہوں نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھل کر بتائیں کہ حکومت یا خود وزیراعظم کے پاس کتنے اختیارات ہیں کیونکہ اس حقیقت سے وہ خود بھی اچھی طرح واقف ہیں اور باقی سب بھی جانتے ہیں، کارکنوں اور رہنمائوں کو ہمیشہ مصلحت کا شکار رکھا جاتا ہے، جب جماعت مشکل میں ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ جماعت اس وقت مشکل میں ہے لہذا خاموش رہو اور جب جماعت اقتدار میں ہوتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ ابھی چپ رہو، وہ ناراض ہو جائیں گے