سلمیٰ بلیئر پر ایک فضائی میزبان کو مکے مارنے اور دوسرے کو کاٹنے کا الزام ہے،میڈیا رپورٹ
لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی پرواز میں مبینہ طور پر فضائی عملے کے ارکان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیو یارک جانے والی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے میں فضائی عملے کے 2ارکان زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 54 سالہ اداکارہ کو اتوار کی رات نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پرواز کی لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سلمی بلیئر پر ایک فضائی میزبان کو مکے مارنے اور دوسرے کو کاٹنے کا الزام ہے، اس واقعے کے بعد پولیس اور طبی عملے کو بھی طلب کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیو یارک کے علاقے کوئنز کی عدالت میں امریکی اداکارہ پر اسپتال منتقلی کے دوران پولیس اہلکار اور نرس پر مبینہ حملے کے 2 الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سلمی بلیئر کے نمائندے نے مقف اختیار کیا ہے کہ اداکارہ کو دورانِ پرواز طبی ہنگامی صورتِ حال پیش آئی تھی، جس کے نتیجے میں مبینہ واقعہ پیش آیا، لینڈنگ کے فورا بعد انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔